منگلورو:06؍نومبر(ایس اؤ نیوز)ریاستی حکومت کے فرمان کے مطابق دکشن کنڑا ضلع میں نااہل بی پی ایل کارڈوں کی تفتیش جاری ہے۔ ابھی تک تغذیہ اور شہری سپلائی محکمہ کی طرف سے 3154بی پی ایل راشن کارڈوں کا پتہ لگا کر رد کرنے اوران سے کل 28.6لاکھ روپئے جرمانہ وصول کیا جاچکا ہے ، اسی دوران کچھ لوگ خود رضاکارانہ بی پی ایل کارڈ سے اے پی ایل کارڈ میں منتقل ہونےکی بھی جانکاری دی گئی ہے۔
موصولہ جانکاری کےمطابق ابھی تک اگست میں 102اور ستمبر میں 315افراد نے رضاکارانہ طورپر بی پی ایل سے اے پی ایل میں منتقل ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے نااہل بی پی ایل کارڈ وں سے کہا تھاکہ وہ 30ستمبر تک خود اپنی رضامندی سے اے پی ایل کارڈ میں منتقل ہوجائیں، جس کے تحت اگست اور ستمبر کے مہینےمیں کئی لوگ منتقل ہوئے ۔ اس کے بعد بھی بے شمار لوگ بی پی ایل کارڈ سے استفادہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ مدت ختم ہونے کے بعد حکومت نے بی پی ایل سے اے پی ایل کی منتقلی کے لئے جرمانہ عائد کرتےہوئے منتقلی کاکام جاری رکھے ہوئےہے۔
دکشن کنڑا ضلع میں 2لاکھ سے زائد بی پی ایل کارڈ ہیں تو صرف 70ہزار اے پی ایل کارڈ ہیں۔ نااہل لوگوں کا پتہ لگانےکے لئے محکمہ کی طرف سے آرٹی اؤ، آئی ٹی سمیت دیگر ذرائع سے جانکاری حاصل کی جارہی ہے۔ یہ بھی جانکاری ملی ہےکہ دکشن کنڑا ضلع میں 1.56لاکھ خاندان ہی بی پی ایل کے مستحق ہیں،اس سے زائد بی پی ایل کارڈ والے غلط جانکاری اور معلومات دے کر بی پی ایل کارڈ حاصل کئے ہیں۔ محکمہ کی طرف سے پوری تفتیش کرنے کے بعد بی پی ایل کارڈوالوں کی فہرست جاری کرنےکی بات کہی گئی ہے۔ ایسے میں اگر کوئی چور دروازے سے اپنے آپ کو اہل ثابت کرنےکی کوشش کی تو جرمانے کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
بی پی ایل کے لئے کون نااہل ہیں ؟:سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کے خاندان ، شہری علاقوں میں 1000مربع فٹ سے زائد زمین پر گھر ، دیہی علاقے میں 3ہیکٹر سے زائد زمین ، چار پہیہ سواری اور 1.20لاکھ سے زائد سالانہ آمدنی رکھنے والے خاندان بی پی ایل کارڈ کے اہل نہیں ہونگے۔
منگلورو میں 95810بی پی ایل ، 42652اے پی ایل کارڈ والے خاندان ہیں۔ جن میں 1273بی پی ایل کارڈ نااہل قراردیتےہوئے رد کئے گئےہیں۔ بیلتھنگڈی تعلقہ میں 49165بی پی ایل، 5320اے پی ایل کارڈ ہیں تو ابھی تک 930نااہل بی پی ایل کارڈ کا پتہ لگایاگیا ہے۔ بنٹوال میں 62754بی پی ایل، 6695اے پی ایل کارڈ میں 461نااہل بی پی ایل کارڈ ہونےکی جانکاری ملی ہے۔ پتور میں 41571بی پی ایل، 23942اے پی ایل کارڈ والے ہیں۔ جن میں 274نااہل بی پی ایل کارڈ رد کئے گئے ہیں تو سلیا میں 21108بی پی ایل اور 5716اے پی ایل کارڈ ہیں۔ جن میں 216نااہل بی پی ایل کارڈردکئے گئےہیں۔